اسلام آباد۔25مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ملک معاشی طور پر استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین تحریک انصاف کی انتخابی اصلاحات کا اہم حصہ ہے، اوور سیز پاکستانیز کو ووٹ کا حق دینا تحریک انصاف کا ایجنڈا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو قومی دھارے میں لانے کے لئے الیکشن کمیشن اقدامات کرے، وفاقی کابینہ نے کورونا سے مقابلہ کیلئے بوسنیا کو طبی امداد اور ادویات بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے، سی پیک سے متعلق منصوبوں میں سرمایہ کاری کے خواہشمند چینی شہریوں کے لئے ویزے کے خصوصی طریقہ کار کی منظوری دی گئی، کابینہ کے اجلاس میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کرانے کی منظوری کے علاوہ پی ٹی وی کے نئے بورڈ کی تشکیل کی منظوری دی گئی، سیکریٹری اطلاعات بورڈ کی چیئرپرسن جبکہ ڈائریکٹر جنرل ریڈیو اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر بورڈ کے ارکان ہوں گے۔ کابینہ کے اجلاس میں این ٹی ڈی سی کے ایم ڈی کی عارضی ذمہ داریاں محمد ایوب کو دینے کی بھی منظوری دی گئی۔ پاکستان کی تاریخ میں کابینہ کے سب سے زیادہ اجلاس موجودہ دور حکومت میں ہوئے، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں کے دور میں تین سال کے دوران کابینہ کے 23 اجلاس ہوئے، کابینہ نے مسئلہ فلسطین اور کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر وزیر خارجہ اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔ منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر کے ہمراہ صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں زیادہ تر معیشت پر بات ہوئی جبکہ آج کابینہ کا اجلاس پاکستان کی تاریخ میں پہلا پیپر لیس اجلاس تھا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ کابینہ اجلاس بھی موجودہ حکومت کے دور میں ہوئے، جمہوریت کا پرچار کرنے والوں کا موجودہ حکومت کے ساتھ موازنہ کریں تو صورتحال سامنے آ جائے گی۔ 2008ءکے بعد سے کابینہ کے 226 اجلاس ہوئے، پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں کابینہ کے 67 اجلاس ہوئے اور مسلم لیگ (ن) جو ووٹ کو عزت دو اور جمہوریت کا نعرہ لگا رہی ہے، نے اپنے دور میں 5 مئی 2013ءسے 30 جون 2016ءتک تین سالوں میں کابینہ کے صرف 23 اجلاس منعقد کئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں ایک بھی کابینہ کمیٹی کا اجلاس منعقد نہیں ہوا۔ انسٹی ٹیوشنل ریفارمز، اسٹیٹ اون انٹرپرائزز، نیشنل اکنامک ریفارمز، سی پیک اور نجکاری کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے دور میں 6 اور پی ایم ایل این کے دور میں 21 اجلاس ہوئے، اکنامک کوآرڈینیشن کابینہ کمیٹی (ایکنیک) کے پیپلز پارٹی کے دور میں 6، پی ایم ایل این کے دور میں 21 اور ہمارے دور میں 16 اجلاس ہوئے۔ اس طرح کابینہ کمیٹی کے مجموعی طور پر 720 اجلاس ہوئے جن میں سے موجودہ دور حکومت میں 382، پی ایم ایل این کے دور میں 193 اور پیپلز پارٹی کے دور میں 145 اجلاس ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس موازنہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ موجودہ حکومت فیصلہ سازی میں بہتر طریقے سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ کے اجلاس کے آغاز میں ڈاکٹر شیریں مزاری کے بھائی اور وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کے بھائی کی رحلت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ اس کے بعد وزیراعظم نے اپنی معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا کہ برے حالات میں ہم نے معیشت سنبھالی تھی اور اب الحمد للہ استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے مسئلہ فلسطین پر قائدانہ کردار ادا کیا، کابینہ نے اس ضمن میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دفتر خارجہ کے کردار کو سراہا۔ کابینہ نے ترکی اور سعودی عرب کے تعلقات میں بہتری کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ترکی اور سعودی عرب اور ایران اور سعودی عرب کے تعلقات پر اپنی واضح رائے کا اظہار کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کے درمیان رنجشیں کم ہونے سے دنیا میں استحکام آئے گا اور اس کا فائدہ مسلم امہ کو بھی پہنچے گا، ہم اس عمل کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں مسئلہ کشمیر پر پیشرفت کے حوالے سے وزیر خارجہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو کابینہ نے سراہا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے کابینہ کو پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے ان تمام بلوں کے بارے میں شق وار بتایا کہ کس طرح ہم آگے بڑھنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اصلاحات کا اہم حصہ ہے، الیکشن کمیشن کے فیس بک پیج پر رپورٹ اور ٹویٹ پر کابینہ نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور ہم مطالبہ کرتے ہیں کی الیکشن کمیشن نے اپنی میڈیا ٹیم کے خلاف جو کارروائی کی ہے، اس کو منظر عام پر لانا چاہئے۔ ہم الیکشن کمیشن کی کارروائی کے منتظر ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ بار ایسوسی ایشنز، پریس کلبز اور پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن نے اپنے انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو پریس کلبز اور بار کونسلز اپنے انتخابات ای وی ایم پر کروانا چاہیں گے ان سے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ اس کا فائدہ یہ بھی ہوگا کہ یہ تمام لوگ اس کا ٹیسٹ بھی کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا پی ٹی آئی حکومت کے ایجنڈے اور سیاسی پلان کا اہم حصہ ہے، ہماری خواہش ہے کہ انہیں فوری طور پر مرکزی دھارے میں لایا جائے، 8.5 ملین اوورسیز پاکستانیوں کے پاس نائیکوپ کارڈ ہے، الیکشن کمیشن کو فوری طور پر ان لوگوں کو مرکزی دھارے میں لانے کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ کے اجلاس میں پی ٹی وی کے نئے بورڈ کی منظوری دی گئی ہے۔ سیکریٹری اطلاعات پی ٹی وی بورڈ کی چیئرپرسن ہوں گی، ڈائریکٹر جنرل ریڈیو اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر بورڈ کے ارکان ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بوسنیا کو کورونا وباءسے مقابلہ کرنے کے لئے معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کابینہ نے کووڈ سے متعلقہ طبی سازوسامان اور دیگر ادویات بوسنیا بھجوانے کی منظوری دی ہے۔ ریحان حامد کو حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کا چیف ایگزیکٹو آفیسر تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کی 29 اپریل 2021ءکے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی، کابینہ نے نیشنل ٹرانسمیشن ڈسپیچ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں عارضی طور پر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی محمد ایوب کو تفویض کرنے کی منظوری دی، کابینہ کی جانب سے اعزاز احمد کو این ٹی ڈی سی کا منیجنگ ڈائریکٹر تعینات کرنے کی منظوری دی جا چکی ہے لیکن وہ اگست میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کی پوزیشن میں ہوں گے، اگست تک عارضی بندوبست کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیا گیا تھا، اس جماعت نے حکومت کو نظرثانی کی درخواست دی ہے، اس کے لئے اینٹی ٹیررازم ایکٹ کے تحت ایک پراسیس موجود ہے جس کے ذریعے وزارت داخلہ کی جانب سے ایک کمیٹی تشکیل دی جاتی ہے جو نظرثانی کی اپیلوں کی سماعت کرتی ہے اور پھر اپنی سفارشات کابینہ کو پیش کرتی ہے، اس کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ہاﺅسنگ اتھارٹی فاﺅنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تعیناتی کی سمری موخر کر دی گئی ہے۔ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز کے بی ایس 20 کے آفیسر کیپٹن (ر) منیر اعظم کو پاکستان ٹوبیکو کمپنی بورڈ کا چیئرمین تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ کابینہ کے اجلاس میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے لئے وزارت دفاع کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرے۔ کابینہ نے افغان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے میں چھ ماہ کی توسیع کی منظوری دی۔ کابینہ کے اجلاس میں سی پیک کے امور میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم ایجنڈا زیر غور آیا۔ سی پیک سے متعلقہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہش مند چینی شہریوں کے لئے ویزے کا ایک خصوصی طریقہ کار منظور کیا گیا ہے۔ اس سے چینی شہریوں کی پاکستان آمد مزید آسان ہو جائے گی۔ چینی شہریوں کو دو سال کی مدت کیلئے ورک انٹری ویزا چین میں پاکستان مشنز کی جانب سے 48 گھنٹوں میں جاری کیا جائے گا اور سیکورٹی کلیئرنس لازماً 30 دنوں میں کر دی جائے گی۔ سی پیک بزنس ویزا ہولڈرز کے لئے گرین چینل کی طرز پر علیحدہ امیگریشن کاﺅنٹرز قائم کئے جائیں گے۔ ورک بزنس ویزا میں سی پیک ویزا کی ایک الگ کیٹیگری کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے، اسی طرح چین میں پاکستانی مشن اور وزارت داخلہ میں سی پیک کی درخواستوں پر غور کے لئے علیحدہ ڈیسک قائم کئے جائیں گے۔ اس اقدام سے چینی شہریوں اور سی پیک سے متعلقہ لوگوں کو پاکستان میں آمدورفت کی سہولت مل سکے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اب بکھر کر رہ گئی ہے، کوئی بھی اتحاد اب اس کو سہارا نہیں دے سکتا۔

فاروق