اسلام آباد۔3جون  (اے پی پی):پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ پارلیمانی کشمیر کمیٹی کی سفارتکاری میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے قائدین کو بھی نمائندگی دی جائے گی، کشمیر میں آج بھی انسانیت سسک رہی ہے، ہائبرڈ وار کااستعمال کر کے کشمیریوں میں بد گمانیاں پھیلائی جا رہی ہیں، وزیراعظم عمران خان کا دل کشمیر اورفلسطین کے ساتھ دھڑکتا ہے، اگر کوئی کہتا ہے کہ حکومت نے کشمیر کاسودا کیا ہے تو وہ اس کا ثبوت دے ۔ وہ جمعرات کو یہاں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے مرکزی دفتر میں حریت رہنمائوں سے ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔ شہریار آفریدی نے کہاکہ پارلیمانی کشمیر کمیٹی کی سفارتکاری میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے قایدین کو بھی نمائندگی دی جائے گی۔  انہوں نے کہا کہ وہ حریت کانفرنس کے رہنمائوں اور کشمیریوں کا دکھ محسوس کر سکتے ہیں۔