مدینہ المنورہ  ، 06 اگست ( اے پی پی ): دنیا بھر سے جہاں لاکھوں فرزندان توحید فریضہ حج ادا کرنے فضائی اور بحری راستوں سے سعودی عرب پہنچے ہیں وہیں  اس سال پاکستان سمیت مختلف ملکوں کے سائیکلسٹ بھی  فریضہ حج ادا کرنے پہنچے ہیں ۔مدینہ منورہ پہنچنے پر سعودی وزارت سیاحت کے اہلکاروں نے انکا شاندار استقبال کیا۔

پاکستان سمیت مختلف ممالک  کے سائیکل سوار حج کی ادائیگی کے لیے 4 ہزار میل کا سفر طے کر کے برطانیہ سے شہر نبیؐ مدینہ منورہ پہنچ گئے۔ان سائیکل سواروں نے 17 ملکوں سے گذرنے کے بعد حجاز مقدس کا یہ سفر 60 دنوں میں طے کیا، جن میں برطانیہ کے سائیکل سوار عازمینِ حج بھی شامل ہیں۔مدینہ منورہ پہنچنے پر سعودی وزارتِ حج اور شعبہ سیاحت کے حکام نے سائیکل سوار عازمینِ  کا پرتپاک استقبال کیا۔ تمام سائیکل سواروں کو تحائف دیے گئے اور ان کا طبی معائنہ بھی کیا گیا۔

ارض مقدس میں شہرِ نبوی  ﷺ پہنچنے اور اپنے شاندار استقبال پر متعدد سائیکل سواروں کے خوشی کے باعث آنسو رواں ہو گئے اور سب نے ایک دوسرے کو گلے لگ کر مبارک باد بھی دی اور اللہ اکبر کی صدائیں لگائیں۔ سائیکل سوار عازمین نے روضہ رسولؐ پہ حاضری دی ،نوافل ادا کئے اور عالم اسلام کی خوشحالی وترقی کیلئے دعائیں بھی کیں۔ عازمین سائیکل سوار کچھ روز قیام کے بعد بقیہ مناسک حج کی ادائی کیلئے مکہ مکرمہ روانہ ہونگے۔

وی این ایس ، اسلام آباد