لاہور، 20مئی  (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ اور پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اسرائیل مسلسل بچوں اور عورتوں کو نشانہ بنا رہا ہے، الاقصیٰ پوری امت مسلمہ کے لئے خط احمر ہے، اب وقت آگیا ہے کہ فلسطین اور کشمیر میں بہنے والا خون بند ہو ، عالمی دنیا اس طرف توجہ دے۔ کل جمعہ کو وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر پورے ملک میں مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے ”یوم یکجہتی فلسطین“ منایا جائے گا، ملک بھر کے علماءو مشائخ،آئمہ و خطباءاپنے خطبات جمعہ میں مظلوم فلسطینیوں کی تائید و حمایت کریں گے اور اسرائیلی مظالم کی بھرپور مذمت کی جائے گی۔ عالمی دنیا سے اپیل کی جائے گی کہ وہ اس ظلم و ستم کو مستقل بنیادوں پر ختم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے تا کہ آزاد فلسطینی ریاست قائم ہو جس کا دارالخلافہ القدس ہو۔ پاکستان عالم اسلام کی ایک مضبوط قوت ہے اور جب پاکستان سے آواز بلند ہوتی ہے تو پوری دنیا پر اس کا اثر ہوتا ہے۔