اسلام آباد، اگست 17 (اے پی پی): دنیا بھر میں جہاں سیاحت کی صنعت کا بڑی صنعتوں میں شمار ہوتا ہے، وہیں پاکستان میں بھی سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے ترجیحی بنیادوں پہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سنبھالتے ہی ویزہ آن ارائیول کا اعلان کیا جس سے غیر ملکی سیاحوں  کی تعداد میں واضح اضافہ ہوا  جبکہ سیاحت کے شعبے میں ترقی کے لیے نیشنل ٹوارزم کوارڈینیشن بورڈ تشکیل دیا گیا جس میں آٹھ ورکنگ گروپس سیاحت کے فروغ کے لیے حکمت عملی تیار کریں گے جبکہ پاکستان ٹوارزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی بھی تشکیل نو کی جا رہی ہے۔

خیبر پختونخواہ میں سیاحوں کی سہولت کے لیے آن لائن ٹوارزم ایپ متعارف کرائی گئی  ہے  جبکہ سوات موٹروے کی تکمیل سے بھی سوات ویلی میں سیاحوں کی بڑی تعداد کو متوجہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ برس کرتار پور راہداری  کھولنے کا اعلان کیا ، اس کوریڈور سے بھارت کے سکھ یاتری پاکستان میں اپنے مقدس مذہبی مقامات کی زیارات اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کر سکیں گے جس سے امن کے فروغ کے ساتھ ساتھ مذہبی سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔

وی این ایس، اسلام آباد