بورے والا، 03دسمبر(اے پی پی ): ملک بھر کی طرح بورے والا میں بھی یوگا عوام میں مقبول ہونے لگا پاکستان یوگا کونسل کے پیٹرن انچیف یوگی ریاض کھوکھر کی زیر نگرانی قائد اعظم سٹیڈیم میں شروع ہونے والے “یوگا” فری سیشن میں آنے والوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہونے لگا جس میں ذہنی اور جسمانی تربیت کا ایک حسین امتزاج دیکھنے کو ملتا ہے۔

 یوگا کے لئے آنے والے افراد کا کہنا ہے کہ وہ مختلف بیماریوں سے نجات حاصل کرنے کے علاوہ خود کو صحت مند محسوس کررہے ہیں جبکہ یوگا کونسل کے پیٹرن انچیف یوگی ریاض کھوکھر کا کہنا ہے کہ یوگا روح جسم اور ذہن کے ملاپ کا نام ہےیوگا کی ملک میں مقبولیت بلاشبہ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے خوش آئند ہے اگر ہم نے ہسپتال ویران کرنے ہیں تو یوگا جیسی صحت مند سرگرمیوں کو اپنانا ہوگا۔