وزیراعظم عمران خان نے عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر کنونشن سنٹر میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے لئے عالمی یوم ماحولیات کی تقریب کی میزبانی ایک بڑا اعزاز ہے ، انہیں خوشی ہے کہ بہت جلد پاکستان ماحولیات کے حوالے سے کاوشوں میں عالمی نقشہ میں آگیا ہے ، دنیا اب اس کا ادراک کرتی ہے کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے کہ وہ اپنی آنے والی نسلوں کے لئے اقدامات اٹھا رہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں اور پاکستانی قوم کو حضور اکرم ۖ کی حدیث کا فہم ضروری ہے جس میں انہوں نے فرمایا کہ اگلی دنیا کے لئے ایسے جیو کے کل مرجانا ہے اور اس دنیا کے لئے ایسے جیو کہ ہزار سال زندہ رہنا ہے ،یہ اللہ کا حکم ہے کہ اس کی زمین پر قدم رکھیں تو اس کی فکر کریں کہ جو کام ہم کر رہے ہیں اس کے آنے والی نسلوں پر کیا اثرات مرتب ہوں گے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ بدقسمتی سے دنیا  کے اکثر ممالک نے اس جانب توجہ نہیں دی، پاکستان بھی ان ممالک میں شامل تھا ، تاہم کچھ ممالک نے اس کا احساس کیا اور انہوں نے ماحولیات کا خیال رکھا۔