اسلام آباد،25 نومبر (اے پی پی ): پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل فصیح بخاری کا پاک بحریہ میں چار عشروں پر محیط تاریخی اور شاندار کیریئر بہترین پیشہ وارانہ اور قائدانہ صلاحیتوں کا عکاس ہے۔سابق امیر البحر 1965 کی جنگ میں دشمن کے لئے خوف کی علامت سمجھے جانے والے دوارکا آ پریشن کا حصہ تھے۔ آپ 1971 کی جنگ میں بھارتی جہاز ککری کو سمندر برد کرنے والی پاکستانی آبدوز ہنگور میں اہم ذمہ داری پر فائز تھے۔

ایڈمرل فصیح بخاری نے کمانڈر پاکستان فلِیٹ اور چیف آف اسٹاف کے طور پر بھی فرائض سر انجام دیے۔انہوں  نے 1997 میں بطور سربراہ پاک بحریہ کی ذمہ داریاں سنبھالیں،آپ کی اعلی پیشہ وارانہ خدمات اور بہادری کے اعتراف میں آپ کو نشان امتیاز (ملٹری) اور ستارہ بسالت سے نوازا گیا۔

 نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے مرحوم کی ملک و قوم کے دفاع کے لیے ناقابلِ فراموش   خدمات کو سراہا ہے ۔ایڈمرل فصیح بخاری 24 نومبر 2020 کو انتقال کرگئے ۔