پشاور،19اپریل(اے پی پی): پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے طبی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ مختلف احتیاطی اقدامات کا سلسلہ بھی شروع کردیا  ہے۔

اس   سلسلے میں  ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد مسعود نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے  ہسپتال کے مرکزی دروازے پر نصب کیے جانے والے پانچ جراثیم کش واک تھرو گیٹس عوام کے لیے کھول دیئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مسعود کا کہنا تھا کہ نئے تیار کردہ سینیٹائیزڈ واک تھرو گیٹس کے زریعے تمام سٹاف، مریضوں اور تیمارداروں پر سینیٹائزڈ اسپرے کی جائے گی  تا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 6 لاکھ روپے کی لاگت سے تیار کردہ یہ جراثیم کش گیٹس ایل آر ایچ کے سینئر ڈاکٹر کی طرف سے عطیہ کئے گئے ہیں  کیونکہ وہ اس مشکل وقت میں اپنی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنے ذاتی وسائل بھی بروئے کار لا کر وبا کی روک تھام کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔

اے پی پی /صائمہ حیاات /قرۃالعین