اسلام آباد،    جنوری   17 (اے پی پی   ): وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے احساس پروگرام کے تحت آج پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پی آئی ایم ایس) میں دوسرے لنگر خانے کا افتتاح کیا گیا جس میں  دن میں دو مرتبہ مریضوں اور ان کے ساتھیوں سمیت 1000افراد کو کھانا فراہم کیا جائے گا۔اس موقع پر چیئرمین ایس ڈبلیو آئی ٹی کے مشیر محمد افضل چدمیا، چیف آپریٹنگ آفیسر محمد غزل اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر انصر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا   کہ وزیر اعظم ذاتی طور پر اس بات کو یقینی بنانے کیلئے پُرعزم ہیں کہ پاکستان میں کوئی بھی شخص رات کو بھوکا نہ سوئے اور احساس اس وژن کوحقیقت میں تبدیل کرنے کیلئے سخت محنت کررہا ہے۔

مزید تفصیل بتاتے ہوئے ، انہوں نے کہا کہ احساس فریم ورک کے تحت، حکومت بنیادی طور پر لنگر خانوں کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کررہی ہے تاکہ اخراجات نہ ہوں۔ دوسری جانب حکومت جس چیز کیلئے اپنا کردار ادار کررہی ہے وہ تحفظ اور معیار کی فراہمی ہے، اور تیسری چیزاس حوالے سے معلومات کو بڑے پیمانے پر پھیلانا ہے۔

                معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ہمیں یہ دیکھ کے کر بے حد خوشی ہوئی کہ احساس لنگرخانے عزت و احترام کیساتھ غریب ترین افراد کو مفت اور معیاری کھانا فراہم کر کے ان کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

                چیئرمین ایس ڈبلیو آئی ٹی کے مشیر جناب چامدیہ نے بنیادی سہولت کی فراہمی اور تعاون کرنے پر وفاقی حکومت کا شکریہ اداکیا اور یقین دہانی کرائی کے ٹرسٹ اپنے تمام باورچی خانوں اور خوراک کی تقسیم کے وسائل سے پورے پاکستان میں پسماندہ افراد کو کھانا کھلانے کی خدمات جاری رکھے گا۔

                ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز نے وفاقی حکومت اور ایس ڈبلیو آئی ٹی کے پمز کے نزدیک لنگر خانہ کھولنے کے اقدام کو سراہا اور اس نیک مقصد میں پمز کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

پہلے مرحلے میں  آئندہ دو ماہ میں احساس سیلانی لنگر پشاور، سوات، ملتان،لاہور اور عمر کوٹ میں کھولے جائیں گے جبکہ  مجموعی طور پر سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ(ایس ڈبلیو آئی ٹی) کیساتھ پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے تحت ملک بھر میں دو سال کے عرصہ میں 112لنگرخانے قائم کئے جائیں گے۔

                                لنگر وزیر اعظم کے مزدور کا احساس اقدام کا حصہ ہیں جن کا بنیادی مقصد معاشرے کے غریب اور پسماندہ  طبقات بالخصوص دیہاڑی دار مزدورں کو کھانا فراہم کرناہے۔ احساس سیلانی لنگر پروجیکٹ کی بنیاد اخلاقیات کے تقاضوں پر مبنی ہے جس کا مقصد ایس ڈی جی 1غربت کے خاتمے اور ایس ڈی جی 2 بھوک کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرنا ہے۔

وی این ایس