چترال،15مئی(اے پی پی): آیون، چترال کی وہ خوبصورت وادی ہے جسے قدرت نے بے انتہاء خوبصورتی بخشی ہے مگر اس میں علاقے کے باذوق لوگوں نے بھی اپنی تئیں اس کی خوبصورتی میں اضافہ کیا ہوا ہے،آیون کے ہر دوسرے گھر میں پھولوں کا باغ ضرور پایا جاتا ہے جس میں مختلف اقسام و انواع اور رنگ برنگی پھولوں کے پودے پائے جاتے ہیں۔  یوں لگتا ہے کہ یہاں کے لوگوں کا آپس میں کسی اور چیز سے نہیں بلکہ پھولوں کے باغوں کا مقابلہ رہتا ہے یہی وجہ ہے کہ اس وادی میں ایک سے بڑھ کر ایک خوبصورت پھولوں کا باغ ضرور دیکھنے کو ملتا ہے۔

 حاجی محبوب اعظم کے گھر میں بنے باغ  کی بات ہی کچھ اور ہے، اس خوبصورت باغ میں ایک ایک پھول کے کئی اقسام اور رنگ موجود ہیں۔ صرف گلاب کے  بیس سے زیادہ اقسام اور رنگیں پائے جاتے ہیں۔ یہ جاذب نظر پھول سیاحوں کو اپنی طرف کھینچ لانے پر مجبور کرتے ہیں۔

اس باغ کی رکھوالی کیلئے محبوب اعظم نے خصوصی طور پر پشاور سے ایک پیشہ ور اور تجربہ کار مالی فداء حسین  کو  بلایا ہے جو ان پھولوں کی دیکھ بال کرتا ہے۔ اس کے مطابق اس خوبصورت باغ میں گلاب، جلیبن، ڈاگ فلاؤر کے محتلف اقسام، پینزی، پیٹونیا اور اس  کے علاوہ اس میں فروٹ کے پودے بھی پائے جاتے ہیں جن میں سرفہرست مالٹا، چیری، فروٹر، لیمو، ناشپاتی اور دیگر کئی قسم کے پھلدار درخت بھی پائے جاتے ہیں۔

فداء حسین کا کہنا ہے کہ جب بھی کوئی سیاح آیون آتا ہے وہ ضرور اس خوبصورت باغ کودیکھنے کیلئے یہاں آتا ہے اور یہاں  تصویریں بناتا ہے، اس باغ میں خصوصی  طور پر پھولوں کو ایک خاص ترتیب سے لگائے گئے ہیں جن میں ہر کیٹگری کے پھول اپنے اپنے کیاری میں لگے ہیں جو نہایت اچھے لگتے ہیں۔

 نفسانفسی اور پریشانی کے اس دور میں انسان جب اس خوبصورت باغ کو دیکھنے کیلئے آتا ہے تو دنیا و مافیہا کا غم بھلاکر چند لمحوں کیلئے سکون کی زندگی گزارتا ہے اور اس قدرتی حسن کو دیکھ کر انسان تازہ دم رہتا ہے جس سے وہ ذہنی اور جسمانی طور پر صحت مند  ہوکر محتلف بیماریوں سے بچ جاتا ہے۔

واضح رہے کہ اس باغ کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں پانی کیلئے نالہ اور آبشار نما جگہ بنائی گئی ہے جہاں سے پانی جب گرتا ہے تو اس کی اپنی ہی ایک خاص موسیقی انسان کو جذباتی کر دیتی ہے۔ اس محل نما گھر کے خوبصورتی میں اس باغ نے مزید اضافہ کیا ہوا ہے جن میں زیادہ تر پھول باہر سے منگوائے گئے ہیں۔  اس باغ کیلئے شائد کسی شاعر نے یہ شعر پڑھا تھا کہ

؎           اگر فردوس بر روئے زمین است

    ہمیں است و ہمیں است و ہمیں است

اے پی پی /گل حماد/حامد