بورے والا ،15 ستمبر (اے پی پی ): ہمت اور حوصلہ بلند ہوتو انسان اپنی معذوری کو بھی مجبوری نہیں بننے دیتا ایسی ہی ایک مثال وہاڑی  کے علاقہ 97ڈبلیو کی فرحانہ حنیف کی ہے جو پیدائشی طور پر دونوں بازوؤں سے معذور ہے لیکن اس باہمت بیٹی نے کبھی اپنی معذوری کو زندگی کی دوڑ میں آڑے نہیں آنے دیا۔

فرحانہ انٹر تک تعلیم حاصل کرچکی ہے، پڑھائی کے ساتھ ساتھ ناصرف گھر کے سارے کام اپنے پاؤں سے ہی کرتی ہے بلکہ گھر والوں کے ہمراہ کرکٹ کھیلنا بھی اسکا مشغلہ ہے۔ لیپ ٹاپ ہو یا موبائل فون پاؤں کی انگلیوں سے باآسانی انکو آپریٹ کرنا بھی اسکے لئے کوئی مشکل نہیں۔

 فرحانہ حنیف کا کہنا ہے کہ اگرضلعی انتظامیہ اور پنجاب حکومت توجہ دے تو وہ مزید پڑھ لکھ کر ملک و قوم کا نام روشن کرسکتی ہے اور اپنے جیسے بچوں اور بچیوں کےلئے ایک مثال بن سکتی ہے۔