اسلام آباد، 12ستمبر  ( اے پی پی): پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سےڈومیسٹک سیزن20- 2019 کا شیڈول جاری کردیا گیا،آئندہ ڈومیسٹک سیزن 14 ستمبر سے 24 اپریل تک جاری رہے گا۔جس میں قائداعظم ٹرافی، قومی ٹی ٹونٹی کپ اور پاکستان کپ ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے مقابلے ہوں گے۔

نئے ڈومیسٹک سٹرکچر  میں سندھ، بلوچستان، کے پی کے کی ایک ایک ٹیم ، پنجاب کی دو اور آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کی ایک مشترکہ ٹیم حصہ لے رہی ہے۔

سیزن 20-2019 میں تمام ایسوسی ایشن کی  کرکٹ ٹیموں کو ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر میچز کھیلنے ہیں۔فائنل سمیت ٹوٹل 31 میچز کھیلے جائیں گے جس میں ہر ٹیم کو 10، 10 میچ کھیلنا ہوں گے۔فرسٹ کلاس اور نان فرسٹ کلاس کے ٹورنامنٹ ساتھ ساتھ کھیلے جائینگے جس سے ایسوسی ایشنز کو بیسٹ الیون ٹیم کو منتخب کرنے کا موقع ملے گا۔

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ 13 سے 24 اکتوبر تک جاری رہےگا  جبکہ پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ 29 مارچ سے 24 اپریل 2020 تک منعقد ہوگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سےڈومیسٹک سیزن20- 2019 کے لیے معیاری  پچز تیار کی جارہی ہیں۔

‫کرکٹ سنٹر میں میچز کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پی سی بی کیوریشن ڈیپارٹمنٹ نے ریفریشر کورسز کا بھی  انعقاد کیا ہے۔نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر سے معیاری کرکٹ کو فروغ دیا جائے گا جس سے قومی اور بین الاقوامی کرکٹ کے درمیان فرق کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

وی این ایس ، اسلام آباد