چترال،28نومبر(اے پی پی): تاریحی قصبے دروش میں چالیس سال بعد پولو گراؤنڈ کی رونقیں بحال ہوگئی ہیں،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا  کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ کیلاش نے پولو گراؤنڈ کی بحالی کے کام کا افتتاح کر دیا جس کیلئے محکمہ مواصلات کیجانب سے ستر لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ تحصیل میونسپل انتظامیہ نے اس میدان کیلئے لنک روڈ  کی تعمیر اور مرمت کے کام کا آغاز بھی کردیاہے۔مقامی زبان میں اس  پولو گراؤنڈ کو جنالی بھی کہا جاتا ہے۔

معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ کیلاش  نے تحصیل میونسپل انتظامیہ دروش کے زیر نگرانی  شاہ نگار لنک روڈ، کورو لنک روڈ،پوٹھنیاندہ اور  لنک روڈ لنگا کی تعمیرکا بھی آغاز کیا، ان منصوبوں پر ستر لاکھ روپے لاگت آئے گی جبکہ انہوں  نے اوسیک  میں آر سی سی پل کا بھی افتتاح کیا، اس پل کیلئے محکمہ مواصلات نے دس کروڑ روپے کا فنڈ منظور کیا ہے اور اس سے ہزاروں لوگ مستفید ہوں گے۔

معاون خصوصی وزیر زادہ نے ٹی ایم اے دروش  کے فنڈز سےمدینہ کالونی جونالی اور خورانڈوک کیلئے نکاسی آب کی سکیموں کا بھی افتتاح کیا، جس کیلئے پندرہ لاکھ روپے فنڈ بھی ٹی ایم اے ہی فراہم کرے گی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا  کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ کیلاش نے  وادی شیشی کوہ میں ٹی ایم اے دروش کے تعاون سے  حفاظتی  دیوار کشنڈیل کا افتتاح کیا اس دیوار پر  دس لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔ انہوں نے وادی شیشی کوہ کے کالاس گاؤں کا بھی دورہ کیا اور گاؤں کے قریبی سیلابی نالے کی بھل صفائی کے کام کا    افتتاح کیا،محکمہ ایریگیشن نے اس نہر کی بھل صفائی کیلئے تیس لاکھ روپے کا فنڈ  مختص کیا ہے۔

 علاقے کے لوگوں نے ان کا بے حد شکریہ ادا کیا کہ کالاس گاؤں کے تحفظ کیلئے انہوں نے تیس لاکھ روپے کا فنڈ صوبائی حکومت سے منظور کروایا۔

اس موقع پر وزیر زادہ نے  یقین دلایا کہ وہ کمیشن خور نہیں ہیں اور تمام محکموں کے سربراہان کو متنبہ کیا  کہ وہ کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں ہیں۔