اسلام آباد ، 09 اگست (ا ے پی پی ): یوم آزادی پاکستان ہر سال 14 اگست کو ملک بھر میں بھرپور جوش وخروش سے منایا جاتا ہے۔ ملک بھر کی اہم سرکاری عمارات پر چراغاں کیا جاتا ہے ، پاکستانی عوام اس روز اپنا قومی پرچم فضا میں بلند کرتی ہے  اور  اپنے قومی محسنوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔ جبکہ  اس بار یوم آزادی ایک نئے  انداز میں منایا جا رہا ہے کیونکہ حکومت کی طرف سے اسلام آباد میں 14 اگست سے پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

وزیر مملکت برائے  موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے اعلان کیا وفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں 14اگست سے پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی ہوگی۔وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں پلاسٹک بیگز پر پابندی کے بعد متبادل بیگز کے سیمپل تیار کر لیے ہیں جبکہ  وزارت موسمیاتی تبدیلی کے مطابق  14 اگست کے بعد پلاسٹک بیگز استعمال کرنے والوں پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی نے چار مختلف اقسام کے بیگز بطور سیمپل تیار کر لئے ہیں ، وزارت کا کہنا ہے کہ شہری ماحول دوست بائیو ڈی گریڈیبل شاپرز کا استعمال کریں ، 14 اگست کے بعد پلاسٹک بیگز استعمال کرنے والوں پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائےگا۔

 پلاسٹک بیگ پر پابندی سے متعلق آگاہی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، پلاسٹک بیگ سے آزادی مہم، وزارت مواصلات اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کا مشترکہ اقدام ہے۔ وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سب سے پہلا دارالحکومت ہوگا، جہاں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے گی۔

زرتاج گل نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجودہ نسل موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے ، جبکہ پاکستان قدرتی آفات بشمول سیلاب ، شدید گرم موسم ، پانی کی کمی سے متاثرہ ممالک میں ساتویں نمبر پر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پلاسٹک بیگ آلودگی کا بہت بڑا ذریعہ بن رہے ہیں  اور شہر میں سیلابی صورتحال اس پلاسٹک بیگ کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔

موسمیاتی تبدیلی کے محرکات پر وزیراعظم عمران خان خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور وزیراعظم ملک کو درپیش موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بخوبی آگاہ ہیں ۔یاد رہے 17 مئی کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں رواں برس 14 اگست سے پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا تھا۔

اس حوالے سے حکام  کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں پلاسٹک بیگ کے استعمال کے خاتمے کے لیے بھی قواعد و ضوابط بنا لیے  گئے ہیں۔ملک کے مختلف شہروں اور ضلعوں میں پلاسٹک کے استعمال اور خرید و فروخت پر  پابندی عائد کی جاچکی ہے جبکہ گزشتہ ماہ گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ میں بھی پلاسٹک کے استعمال پر مکمل طور پر پابندی عائد کردی گئی جس کے بعد ہنزہ پلاسٹک کو ممنوع قرار دینے والا ایشیا کا پہلا ضلع بن گیا ہے۔

تو آ ئیے یوم آزادی مل جل کر دھوم دھام اور بھرپور ماحول دوستی کے ساتھ منائیں ۔

اے پی پی/سحر/قرۃالعین