اسلام آباد ،10 اپریل (اے پی پی ):نیشنل ڈیزاسٹر اینڈرسک منیجمنٹ فنڈ کے چیئرمین لفٹینینٹ جنرل (ر) اشفاق ندیم احمد نے کہا ہے کہ کروناسے تحفظ اور متاثرین کی مدد کے لئے انتظامات تسلی بخش ہے تاہم اس صورت حال میں حفاظتی اشیا کو استعمال کے بعد مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کی طرف بہت توجہ دینے  کی ضرورت ہے ۔

جمعہ کو یہاں اے پی پی ویب ٹی وی سے بات کرتے ہوئے جنرل اشفاق ندیم احمد نے کہا کہ میں نے زلزلہ، سیلاب ، جنگ اور دہشت گردی سمیت مختلف قدرتی اور انسانی آفات میں کام کیا ہے ۔ ہر موقع پر میں نے یہ بات دیکھی ہے کہ پاکستان کے لوگ خود بھوکا رہ لیتے ہیں لیکن کسی ضرورت مند کو نظرانداز نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ کرونا صورت حال میں امدادی کاموں کی نیٹ ورکنگ مکمل ہو چکی ہے اور جن ہسپتالوں سے طبی اور حفاظتی اشیا کی شکایت سنی گئی تھی، بہت جلد یہ شکایت ختم ہو جائے گی ۔

جنرل اشفاق ندیم احمد  نے اس بات پر فکرمندی کا اظہار کیا کہ کرونا کے وارڈز، آئی سی یوز اور قرنطینہ میں استعمال ہونے والی اشیا کو اگر سائنسی اصولوں کے مطابق تلف نہ کیا گیا اور ان اشیا کو بھی عام چیزوں کی طرح کوڑے کرکٹ کی طرح پھینکا گیا، تو یہ وبا کو پھیلانے کا سبب بن سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا طبی انتظامیہ اور دیگر اداروں کو اس طرف توجہ دینے  کی ضرورت ہے ۔

اے پی پی /احسان/حامد