لاہور، 25 مئی (اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لاہور میں بائیولوجیکل لیبارٹری کا افتتاح کر دیا۔اس   موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر فردوس عاشق  اعوان  نے  کہا کہ کورونا کیوجہ سے پوری دنیا کو بڑے چیلنج کا سامنا ہے اور معیشتیں داؤ پر لگی ہوئی ہیں مگر اس کے باوجود وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستانی معیشت بہتری اور استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے  کہا کہ  ماضی کے حکمران بے پناہ خساروں کی بارودی سرنگیں بچھا کر گئے تھے، ملکی معیشت حوالے سے ان کے فیصلے خودکش حملوں کی طرح ثابت ہوئے جبکہ ہماری کاوشوں سے اب کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ختم ہو چکا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے  کہا کہ  ہم پنجاب میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے فروغ کے خواہاں ہیں، امسال ہماری بہترین منصوبہ بندی کے باعث فصلیں شاندار اور اضافی ہوئی ہی،ں ٹیکنالوجی اور ہیومن ریسورس کے بہترین استعمال کے فوائد سامنے آ رہے ہیں، وزیر اعلی اور وزیر اعظم اس تگ و دو میں مسلسل سر جوڑ کر بیٹھے ہیں کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئےمہنگائی کے طوفان کے سامنے بند کس طرح باندھنے ہیں۔انہوں نے کہا  کہ  ہماری برآمدات مزید بڑھیں گی تو ملک میں ڈالر آئیں گے یوں روپے کی قدر میں بھی اضافہ ہوگا۔

وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے    کہا  کہ  پنجاب میں ہیلتھ کئیر کے میدان میں مزید بہتری لانے اور عوام سے کیا ہوا وعدہ نبھانے کے لئے وزیر اعظم  لیہ میں مزید منصوبوں کا افتتاح کرنے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چودھری نثار کی پنجاب اسمبلی میں منتخب رکن کے طور پر حلف برداری  میں رکاوٹ نہیں  ڈالی بلکہ ان کے خلاف عدالتوں میں زیر سماعت رٹ پٹیشنز ہیں یہ جائزہ لیا جانا ضروری ہے کہ اگر کہیں کسی عدالت کی طرف سے کوئی سٹے آرڈر ہے تو اس کی موجودگی میں حلف لیا جانا توہین عدالت کے مترادف ہوگا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے  کہا کہ  پی ڈی ایم کرچی کرچی ہو چکا اور اب شہباز شریف اسے سنبھال نہیں پائیں گے ان کے نظریے کے پتے تاش کی طرح بکھر چکے ہیں اور اب بے وقت کی راگنی کسی کام کی نہیں ۔انہوں نے  کہا کہ گذشتہ شب کے سیاسی عشائیہ میں مریم نواز کو سرے سے بلایا ہی نہیں گیا کیونکہ جعلی راجکماری نے پی ڈی ایم میں رخنے ڈالے۔