اسلام آباد,28مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام واحد پروگرام ہے جس کی بنیاد نوجوانوں کے آئیڈیاز پر رکھی گئی اور یہ پہلی حکومت ہے جو نہ صرف نوجوانوں کی ضامن بن رہی ہے بلکہ انہیں ہنر مند بنانے کے بعد کاروبار کے لئے قرض بھی فراہم کر رہی ہے، پاکستانی نوجوان با صلاحیت ہیں کامیابی کے لئے درست سمت کا تعین ضروری ہے، جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے نوجوان آگے بڑھیں خود بھی روزگار کمائیں اور دوسروں کے روزگار کا ذریعہ بنیں۔ ان وفاقی وزیر نے کہا کہ کامیاب جوان کی بات کریں تو یہ پہلی حکومت ہے جس نے نوجوانوں کو اپنی ترجیحات کا محور بنایا، عثمان ڈار کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے وزیر اعطم عمران خان کے نوجوانوں کو با صلاحیت بنانے کے وژن کو عملی جامہ پہناتے ہوئے کا میاب جوان پروگرام کا کامیابی سے آغاز کیا۔ انہو ں نے کہا کہ پروگرام نہ صرف نوجوانوں کو ہنر مند بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے بلکہ انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرتے ہوئےاپنے نوجوانوں پر سرمایہ کاری کررہے ہیں۔ مراد سعید نے کہا کہ پہلے آپ ہنر سکھاتے ہیں سرمایہ کاری کرتے ہیں اور پھر آپ انہیں قرض دیتے ہیں کہ آپ روزگار کمائیں اور دوسرے نوجوانوں کے لئے بھی روزگار کا موقع بنیں۔ یہ ایک وہ پروگرام ہے جو نوجوانوں کی ہی مشاورت سے شروع کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاکر نہ صرف روزگار بلکہ ملکی برآمدات میں بھی اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار حکومت کہہ رہی ہے اورآپ کے پاس آرہی ہے کہ آپ آگے آئیں آئیڈیاز لائیں حکومت آپ کی ضامن بنے گی۔