اسلام آباد ،08 اپریل (اے پی پی ): پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان بھی  پاکستان میں کورونا متاثرین کی مدد کے لئے پیش پیش ،اسلام آباد میں عامر اکیڈمی میں پاکستانی باکسر عثمان وزیر نےعامر خان کی جانب سے  امدادی سامان تقسیم کیا۔اس موقع پر وزیراعظم کےمعاون خصوصی  برائےبیرون ملک پاکستانی زلفی بخاری بھی موجود تھے ۔

معاون خصوصی زلفی بخاری  نے  عالمی  شہرت یافتہ  باکسر عامر خان کے اس عمل کو سرا ہا  اور کہا کہ  عامر خان کا یہ اقدام قابل تحسین ہے، اس اقدام سے باقی لوگوں کو بھی ترغیب ملے گی۔ اگلے ہفتہ بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے ویب سائٹ لانچ کریں گے، بیرون ملک پاکستانی آسانی سے مستحق  افراد کی امداد کر سکیں گے۔

باکسرعثمان وزیرنےکہا عامر خان ہر مشکل گھڑی میں پاکستانیوں کی شانہ بشانہ کھڑے رہتےہیں،عامر خان اکیڈمی کی جانب سے 5 ہزار مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیاہے جسے مزید بڑھایا جائے گا ۔عثمان وزیر نے مزید بتایا امدادی بیگز میں آٹا ، گھی ، دالیں، گھی اور بنیادی ضرورت کی اشیاء ڈالی گئی ہیں، پاک آرمی کے زریعے  ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی راشن پہنچایا جائیگا۔

اے پی پی /احسن عباس/قرۃالعین