لاہور، اپریل 01(اے پی پی): لیجنڈ فلم اداکار مصطفی قریشی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس ایسا دشمن ہے جو نظر نہیں آتا اور ایسے دشمن سے مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں جو احتیاطی تدابیر بتائی گئی ہیں ان پر عمل کرنا چاہیے۔ ان تدابیر میں سب سے اہم ہے احتیاط کرنا، ہمیں ہر طرح سے اور ہر لحاظ سے احتیاط کرنی چاہیے۔

بدھ کو جاری اپنے ویڈیو پیغام میں مصطفی قریشی  نے  صاحب ثروت لوگوں سے اپیل کی کہ جو لوگ امیر ہیں اور دوسروں کیلئے مددگار بن سکتے ہیں تو ایسے ہر گھر کو چاہیے کہ وہ پانچ ایسے گھروں میں راشن پہنچانے کی ذمہ داری لیں جن کے کاروبار ختم ہو چکے ہیں، جو دیہاڑی دار ہیں تا کہ  کسی غریب کے گھر کا بچہ بھوکا  نہ سو سکے۔

 لیجنڈ فلم اداکار نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں تو بہت کچھ کر رہی ہے لیکن ہم پر بحثیت قوم بھی ایک ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم اس کی ذمہ داری محسوس کریں اپنے گھروں میں رہیں۔

 مصطفی قریشی نے والدین پر زور دیا کہ وہ گھروں میں رہ کر وقت ضائع نہ کریں کیونکہ ایک ایک لمحہ بہت قیمتی ہوتا ہے ہمیں چاہیے عبادات کریں اللہ سے استغفار کریں اور جن بچوں کی تعلیم کا حرج ہو رہا ہے ان کو گھر بیٹھ کر پڑھائیں تاکہ اس وقت سے استفادہ کرسکیں۔

اے پی پی /لاہور /قرۃالعین