اسلام آباد، 30 مارچ(اے پی پی ):پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 20 ہوگئی  ہے جب کہ ملک میں مزید نئے کیسز کے بعد سرکاری اعدادو شمار کے مطابق  کیسز کی تعداد 1650 تک جا پہنچی ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں مزید 8 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد اسلام آباد میں مریضوں کی تعداد 43 سے بڑھ کر 51 ہوگئی ہے۔پنجاب میں آج مزید 45 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد صوبے میں کل کیسز کی تعداد618  ہو گئی ہے جب کہ 6 افراد جاں بحق بھی ہوئے ہیں۔

سندھ میں مزید دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 5 جب کہ 6 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مریضوں کی تعداد 508 ہو گئی ہے۔بلوچستان میں بھی مزید 3 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 144 ہو گئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں بھی آج تین نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 195 ہو گئی ہے۔

گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے 5 نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد وادی میں متاثرہ افراد کی تعداد 128 ہو گئی ہے جبکہ آزاد کشمیر میں بھی اتوار کو 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد آزادکشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔

ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا آج ساتواں دن ہے ۔  پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد چاروں صوبوں میں  لاک ڈاؤن ہے  جب کہ ملک بھر میں فوج تعینات ہے۔

 دوسری جانب گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاک ڈاؤن کے دوران مزدور اور دیہاڑی دار طبقے کے لیے اقدامات اولین ترجیح ہیں اور اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے ملک کی تمام شاہراؤں اور موٹر ویز کو گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اے پی پی /صائمہ/حامد