اسلام آباد، 07 اپریل(اے پی پی ):احساس پروگرام کے تحت چلنے والے لنگر خانوں اور پناہ گاہوں میں کرونا وائرس سے بچاﺅ کے پیش نظر “آئیں پناہ گاہوں کو صاف رکھیں” مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پناہ گاہوں اور لنگر خانوں میں قیام و طعام کے لئے آنے والے افراد کے درمیان فاصلے کا خیال ،صابن کا استعمال لازمی اور ماسک فراہم کیے جا رہے ہیں۔

منگل کو اے پی پی سے بات کرتے ہوئے لنگر خانوں اور پنا گاہوں سے متعلق وزیر اعظم کے فوکل نسیم الرحمن شاہ نے کہا کہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی الیون فور میں موجود پناہ گاہ میں بیک وقت 300 افراد کے قیام کا بندوبست کیا گیا ہے جبکہ لنگر خانے میں سینکڑوں افراد کو دن میں 3بار با عزت طریقے سے کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر کرونا وائرس سے تحفظ کے پیش نظر تمام پناہ گاہوں میں”آئیں پناہ گاہوں کو صاف رکھیں” مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت لائن میں کھڑے افراد کے درمیان فاصلے کا خاص خیال رکھا جاتا ہے اور باقاعدہ صابن سے ہاتھ دھونے کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ کھانے کے ایک میز پر 6کی بجائے 3افراد کی نشتیں رکھی گئی ہیں۔

اسلام آباد کے سیکٹر آئی الیون فور  میں قائم پناہ گاہ کے انچارج آپریشن انسپکٹر اشفاق نے کہا کہ رات کو قیام کرنے والے افراد کی رجسڑیشن کے دوران انہیں ماسک فراہم کیے جاتے ہیں اور تمام افراد کا باقاعدہ ٹمریچر چیک کیا جاتا ہے۔پناہ گاہ اور لنگر خانے سے مستفید افراد نے حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے انتظامات کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

اےپی پی /ضیاء/حامد