اسلام آباد، 29اگست(اے پی پی ):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تمام پاکستانی کشمیری عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کےلئے جمعہ کو آدھے گھنٹے کےلئے سب کام چھوڑ کرے باہر نکل آئیں۔

 جمعرات کو اپنے ایک پیغام میں  وزیراعظم نے کہا کہ دوپہر 12 بجے سے 12:30 تک باہر نکلیں اور مقبوضہ وادی میں کشمیری بھائیوں کو واضح پیغام دیں کہ پاکستانی قوم بھارت کے جبر،فسطائیت، 24 روزہ انسانیت کش کرفیو، خواتین اور بچوں سمیت کشمیری شہریوں کی روزانہ کی بنیاد پر شہادتوں و زخمی کرنے کے واقعات، مودی حکومت کے نسل کشی کے ایجنڈا اور خطہ کی حیثیت تبدیل کرنے کے غیر قانونی اقدام کے خلاف کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بدلنے کا بھارتی منصوبہ چوتھے جنیوا کنونشن کے تحت جنگی جرم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں کشمیریوں کو بھرپور پیغام دینا ہے کہ ہماری قوم مکمل طور پر ان کے ساتھ کھڑی ہے، اس لئے میں تمام پاکستانیوں سے کہتا ہوں کہ جمعہ کو آدھے گھنٹے کے لئے سب کام چھوڑ کر باہر نکل آئیں اور کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد