اسلام آباد ،   24 مئی  (اے پی پی ): وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ کم آمدنی والے افراد کو گھر کی فراہمی وزیر اعظم کا وژن ہے جبکہ صحافیوں کے اپنے گھر کے لیے بھی حکومت کی تیاری مکمل ہے ۔

پیر کو نیشل پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب میں  فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ویژن کلیئر ہے کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے،آزاد میڈیا  اور صحافیوں کے تحفظ اور آزادانہ ماحول کو یقینی بنانے کے لئے بل کا پاس ہونا اور عمل درآمد انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کا وہ طبقہ ہیں جو مظلوم کی آواز اور حکومت کو راہ راست پر لانے، قومی سلامتی کے معاملات پر یک زبان ہو کر ایک سمت لیکر ملک کی نظریاتی احساس کی حفاظت،ففتھ جنریشن وار فیئر کا مقابلہ کر رہے ہوتے ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ملک بھر کی صحافی برادری جنھیں سرکاری سکیم کے تحت گھر نہیں ملا انھیں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے میں شامل کیا جائے گا،راولپنڈی اسلام آباد سے یہ سفر شروع کریں گے اس کے بعد باقی شہروں تک بڑھائیں گے۔  انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی زندگیوں اور صحت کے تحفظ کے لئے پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز بل 2021 ایوان میں پیش کردیا گیا ہے ۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ ہر بندے کا خواب ہے کہ اس کا اپنا گھر ہو، اس خواب کو پورا کرنے کے لئے حکومت نے آسانیاں پیدا کیں ہیں،عمران خان نے حکومت سنبھالتے ہی اس ایجنڈے پر کام شروع کیا، پنجاب میں 68فیصد مزدور طبقہ ہے ان میں سے ایک فیصد کے گھربنتے ہیں،52فیصد ایسے لوگوں کے گھر ہیں جو بہتر پوزیشن میں ہے، کم شرح سود پر 10تا 20سالوں میں ادائیگی کے لئے آسان قرض دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کم آمدن طبقے کے لئے نیا پاکستان سکیم ، غربت کی نچلی سطح پر زندگی بسر کرنے والوں کے لئے کیش ایمرجنسی پروگرام ،طلبا و طالبات کے لئے سکالر شپ اور دیگر پروگرامات عام عوام کے لئے ہیں۔