چترال،22 ستمبر (اے پی پی ): پولو کو بادشاہوں کا کھیل یا کھیلوں کا بادشاہ  کہا جاتا ہے، بعض اوقات بروغل کے لوگ اس شاہی کھیل کو گھوڑوں کے بجائے گدھوں سے بھی کھیلتے ہیں۔ وادی بروغل میں دیگر کھیلوں کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا حکومت  کے محکمہ سیاحت کے ادارے  ٹورزم کارپوریشن کے مالی تعاون سے گدھا پولو کے بھی مقابلے  ہوئے ۔

بروغل میں گدھا پولو کھیلنے والے کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ وہ اس روایتی کھیل کو اپنی مدد آپ کے تحت کھیلتے رہتے ہیں  اور حکومت کی طرف سے کوئی   مالی مدد   نہیں کی  جاتی ۔ شمشیر احمد پچھلے 8 سالوں سے گدھا پولو کھیلتا ہے مگر اس کے ساتھ ابھی تک حکومت کی جانب سے کسی قسم کا امداد نہیں  ہوئی  ہے ۔ اسلم بیگ بھی گدھا پولو کھیلتا ہے ان کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہئے کہ ہمارے لئے کوئی وظیفہ مقرر کرے کیونکہ گدھے کیلئے چارہ اور اس کا علاج بہت مہنگا پڑتا ہے۔

بروغل تہوار میں رنگا رنگ  تقریبات اور نہایت دلچسپ روایتی  کھیلوں کو دیکھنے کیلئے  آنے والے  سیاحوں نے لمبے سفر  اور سڑکوں کی خرابی کی شکایت کی ہے۔

گدھا پولو کھیلنے والے  یہ کھلاڑی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں  کہ ان کے ساتھ بھی مالی مدد کی جائے  یا ان کیلئے کوئی وظیفہ مقرر کیا جائے  تاکہ وہ یہ صدیوں پرانا  روایتی کھیل  جاری رکھ سکے  اور اسے ختم  ہونے سے بچایا جاسکے۔