اسلام آباد، نومبر18 (اے پی پی ):وزیراعظم عمران خان  نے ہزارہ موٹروے  کے دوسرے حصے ،  حویلیاں شاہ مقصود انٹرچینج سے مانسہرہ تک کا افتتاح کر دیا۔ 3حصوں پر مشتمل 180 کلومیٹر ہزارہ موٹروے کے 2 حصے مکمل جبکہ تیسرے حصے کو مارچ 2020 تک مکمل کیا جائے گا۔ 34 ارب روپے کی لاگت سے مانسہرہ تک تیار ہونے والے ہزارہ موٹروے پر کل 47 پل اور 6 سرنگیں تعمیر کی گئی ہیں۔سی پیک کا حصہ ہونے کی وجہ سے یہ روٹ پاک چائنہ کمرشل ٹریفک کے لئے مین روٹ کے طور پر استعمال ہوگا۔ چونکہ یہ راستہ مانسہرہ، کاغان ناران اور گلگت بلتستان سے متصل ہے جس کی وجہ سے سیاحت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

وزیر اعظم عمران خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہزارہ موٹروے منصوبہ حکومت کی جانب سے ہزارہ کی عوام کے لیے تحفہ ہے،جس سے ملکی معیشت کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کو بھی فائدہ ملے گا۔ ہزارہ موٹروے منصوبے کی افتتاحی تقریب میں گورنر خیبرپختونخواہ شاہ فرمان، وفاقی وزراء، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔

وی این ایس، اسلام آباد

download Video