اسلام آباد، 16 اپریل (اے پی پی ): ہلال احمر کے محافظ رضاکار کرونا سے بچاؤ کے لیے عوام کے گھروں تک رسائی کر رہے ہیں، جو نا صرف کرونا بلکہ بھوک سے بچاؤ کی تدابیر لے کر  میدان میں اترے ہیں۔

 چیرمین ہلال احمر پاکستان ابرار الحق نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  محافظ رضاکار اس مہم کے تحت تین طرح کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ یہ مساجد میں جا کر اعلان کرتے ہیں اور عوام کو کرونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر بتاتے ہیں۔

ابرار الحق نے بتایا کہ ہلال احمر کے محافظ رضاکار گھر گھر جا کر دروازے کھٹکھٹاتے ہیں اور عوام سے پوچھتے ہیں، اگر کسی میں کرونا کی علامات پائی جاتی ہوں تو مریضوں کو ہلال احمر کے ہی ہسپتال  لایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ راشن کی فراہمی ایسی صورت میں کی جاتی ہے اگر کسی کے پاس خوراک نہ ہو جو کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے متوقع ہو سکتی ہے۔

چیرمین ہلال احمر  نے کہا کہ نوجوانوں کی یہ خدمت خلق سے سرشار ٹیم بلا شبہ معاشرے کے روشن پہلو کی نشاندہی کرتی ہے اور پاکستان ہلال احمر نے باقی بہت سے اداروں کے لیے مثال قائم کی ہے۔

اے پی پی /ناہید /قرۃالعین