اسلام آباد۔1جون  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے  کہ  ہم    ہر اس قوم   کیخلاف   ہیں جو   ظلم  اور  استحصال  کرے ،   جو   فلسطین   میں ،  کشمیر   میں ،  یا کہیں      بھی   انسانیت   پر  ظلم  کرے۔

 وہ منگل کو یہاں اقتصادی تعاون تنظیم کی پارلیمانی اسمبلی کی دوسری جنرل کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔صدرمملکت نے ایکو ممالک سے کانفرنس میں شرکت کرنے والے مندوبین کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ یہ کانفرنس رکن ممالک کے مابین دوستی اور ملکر کام کرنے کے عزم کا ظاہر کرتا ہے ۔ اقتصادی تعاون تنظیم (ایکو)کے رکن ممالک کے مابین تعاون اور روابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں  نے  کہا کہ بین الاقوامی معاملات میں مفادات کو ترجیح حاصل ہے جبکہ اس وقت دنیا کو انسانیت اور اخلاقی اقدار کی حامل لیڈر شپ کی ضرورت ہے، مسلما ن ممالک اپنے معاشرت اور معیشت کو مضبوط بناکر عالمی برادری میں اپنا جائز مقام حاصل کرسکتے ہیں۔

صدرِ مملکت نے گزشتہ 60 سے 70سالوں کے دوران مسلم اُمہ کو درپیش بڑے مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں نے دہشتگردی اور انتہاءپسندی جیسے چیلنجز سے بہت نقصان پہنچاہے۔عالمی طاقتوں کی باہمی لڑائی کے ساتھ ساتھ معاشرتی عدم برداشت سے بھی مسائل پیدا ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دنیامیں اسلام کی ایسی تصویر پیش کی گئی ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں جبکہ فلسطین اور غیر قانونی  بھارتی مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی جائز تحریکوں پر دہشتگردی کا لیبل لگایا گیاہے ۔ صدرمملکت نے مزیدکہاکہ مسلمان دنیا کو دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ اپنے خلاف تعصب کے معاملہ کو بھی اٹھانا چاہیے ، اس مقصد کے لیے دنیا کے ساتھ مکالمے  اور بات چیت کی ضرورت ہے۔