اسلام آباد،9جون  (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے وزیراعظم کا وژن ہے  کہ پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے، اس ضمن میں ہمیں اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت میں اضافہ کرنا ہوگا۔ہمیں تمام چیزوں کے ضروری معیار کا تعین کرنا ہوگا تاکہ ملکی سطح پر معیاری اشیا میسر ہوں۔اس کے ساتھ ساتھ  یہ  امر ہماری برآمدات میں اضافے کا باعث بھی بنے گا، ہم نے اداروں کو فعال اور ان کی استعداد اور معیار کو بہتر بنائیں گے، اشیاء اور سروس کے معیار کو عالمی سطح پر لانے کے لئے پینیک کا ادارہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

 بدھ کو وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی  شبلی فراز نے ورلڈ ایکریڈیٹیشن ڈے کے حوالے سے تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے شبلی فراز نے  کہا کہ ہمیں اشیاء کے معیار کے حوالے سے لوگوں میں آگاہی بھی پیدا کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نیشنل ورلڈ ایکریڈیٹیشن کونسل کا ادارہ برآمدات کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے ،یہ ادارہ پاکستانی مصنوعات کو عالمی معیار کے مطابق لا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اداروں کو فعال اور ان کی استعداد اور معیار کو بہتر بنائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت سائنس وٹیکنالوجی کے تمام  17 زیلی اداروں کو فعال بنائوں گا ۔ شبلی فراز نے کہا کہ  ہمیں عالمی سطح پر جانے کے لیے  کچھ معیار مقرر کرنے ہوں گے ،معیار بہتر ہونے سے معیاری مصنوعات پیدا ہوں گی اور برآمدات میں اضافہ ہوگا ۔