اسلام آباد،31مئی  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دریائوں میں پانی کے بہائو اور تقسیم کی مانیٹرنگ کے لئے ٹیلی میٹری نظام  نصب کرنے کی ہدایات دی ہیں تا کہ صوبوں میں جانے والے پانی کی مقدارکی مانیٹرنگ اور لاسز کو روکا جاسکے ، آئندہ 10سالوں میں 10بڑے ڈیمزبننے سے اتنا پانی ذخیرہ اور سستی پن بجلی پیدا ہوگی جتنی 70سالوں میں ہوئی ہے،ان آبی ذخائر کے مکمل ہونے سے ایک کروڑ 30لاکھ ایکٹر فٹ پانی ذخیرہ ہوسکے گا۔

 وہ پیر کو پاک چائنہ فرینڈشپ سینٹر میں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ اور پنجاب کے وزیر آبپاشی محسن لغاری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ واپڈا ایسا ادارہ ہے جس نے عالمی مالیاتی مارکیٹ  میں 500ملین ڈالر کے گرین انڈس یورو بانڈ لے کر گئے ، 6گنا زائد سرمایہ کاری کاروں نے دلچسپی لی ، 201کمپنیوں نے اس عمل میں حصہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیم فنڈ ،سپریم کورٹ نے بنایا ہے ، اس سے حاصل ہونے والے فنڈز ڈیمز کی تعمیر پر ہی لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آبپاشی کا نظام انگریز دور کا بنا ہواہے جو دنیا کے بہترین نظاموں میں سے ایک نظام ہے ، انگریز دور میں بنائی گئی چیزیں ٹھیک نہیں خرا ب   کی گئیں ۔