لاہور،22مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ایک خاندان ہے، ہر خاندان میں غلط فہمی ہوتی رہتی ہے، عمران خان کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں۔

وہ ہفتہ کو پی ٹی آئی کے رہنما نعمان لنگڑیال کے ظہرانے میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہےتھے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جہانگیر ترین اور ان کے ساتھیوں کا موقف تفصیل سے سنا، نعمان لنگڑیال سے قریبی تعلقات ہیں، ہمارے درمیان روابط میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ پارٹی میں مسائل بات چیت سے حل ہوتے ہیں، کچھ مسائل پر بات چیت میں رخنہ بھی آ جاتا ہے لیکن بڑے معاملات پر یہ تمام لوگ بالکل واضح ہیں کہ تحریک انصاف ہماری جماعت ہے اور اس پر کسی قسم کی دو رائے نہیں ہے۔

 انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کے معاملے پر پہلے بھی ہم نے واضح موقف رکھا ہے، تحریک انصاف کے اندر نہ تو جہانگیر ترین کو توقع ہے کہ عمران خان ان کے لئے کوئی غیر قانونی سفارش کریں گے اور نہ ہی عمران خان کا یہ مزاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کے معاملہ پر علی ظفر کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، اس کمیٹی کی رپورٹ کا انتظار ہے، یہ رپورٹ پارٹی کی انٹرنل لائن طے کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک کورٹ کیسز کا تعلق ہے وہ قانونی معاملات ہیں، اس پر نہ وزیراعظم عمران خان کی کوئی پالیسی ہے اور نہ ہی اس پر کچھ کریں گے، نہ ہی جہانگیر ترین ایسا چاہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک فیملی کی طرح ہیں اور ایک ساتھ مل کر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے اجتماعی اور ذاتی مسائل کو مل بیٹھ کر حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان کی قیادت میں ہم سب اکٹھے ہیں۔

اے پی پی/ڈیسک/قرۃآلعین