اسلام آباد،3جون  (اے پی پی):پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ خواہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضہ ہو یا فلسطین پر اسرائیلی قبضہ پاکستان کا ان قابضین کے خلاف ایک اصولی موقف ہے اور قابض افواج کے خلاف کشمیریوں اور فلسطینیوں کی جنگ آزادی کی حمایت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی نوجوانوں کو تنازعہ کشمیر کی حساسیت سے آگاہی کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انٹرنیٹ اور جدید آلات اس وبائی دور میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور دیگر اہم فورمز پر کشمیر کامقصدمہ پیش کرنے کے لئے اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔ حریت رہنماسید فیض نقشبندی نے کہا کہ حریت کانفرنس پارلیمانی کشمیر کمیٹی کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کو قدر کی نگا ہ سے دیکھتی ہے۔ غلام محمدصفی نے کہا کہ اشرف سحرائی نے جدوجہد آزادی کے لئے اپنی اور اپنے بیٹے کی قربانی دی۔ انہوں نے کشمیر کاز کے لئے وزیرا عظم عمران خان کے بیان اور اقدامات کو سراہا۔ سید یوسف نسیم نے کہاکہ شہریار خان آفریدی نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے لئے جو اقدامات اٹھائے ہیں اس سے بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر کے رہنے والوں میں امید کی ایک کرن پیدا  ہوئی ہے۔