ملتان، 29مئی (اے پی پی ):کمشنر  ملتان  ڈویژن  جاوید اختر  محمود  نے “خدمت آپکی دہلیز پر” پروگرام کے  بارے  میں  اپنے   ویڈیو  پیغام میں  کہا ہے  کہ پورے پنجاب کی طرح ملتان ڈویژن میں بھی  “خدمت آپکی دہلیز پر”  فیز I پروگرام کا آغاز ہو چکا ہے۔یہ پروگرام تین ہفتوں پر محیط ہو گا، جس میں  پہلے ہفتے کے دوران شہری علاقوں میں کوڑا کرکٹ ، ملبے کے ڈھیر، بلڈنگ میٹریل، وال چاکنگ اور گندگی کو ختم کیا جائے گا، پروگرام کے دوسرے ہفتے میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بناتے ہوئے بڑی اور چھوٹی سوریج لائنوں ، ڈرینز کی صفائی، بلاک سیوریج لائنیں کھولی جائیں گی جبکہ تیسرے ہفتے کے دوران سرکاری عمارتوں بشمول گورنمنٹ دفاتر، سکولز، ہسپتال، فیلڈ دفاتر کی صفائی کی جائے گی۔

کمشنر ملتان نے کہا کہ یہ حکومت پنجاب کا شروع کردہ ایک جامع پروگرام ہے، جس کیلئے ایک  خصوصی ایپ بنائی گئی ہے جس میں تمام افسران اپنی روزانہ کی کارکردگی کو اپلوڈ کریں گے، جس کو صوبائی اور ڈویژن کی سطح پر مانیٹر کیا جائے گا جبکہ ایک اور خصوصی ایپ کے ذریعے شہری اپنی شکایات کا اندارج کر سکتے ہیں اور اپنے اضلاع کے مسائل سے انتظامیہ کو آگاہ کر سکتے ہیں، جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ  کارکردگی کی بنیاد پر تمام ضلعوں کی رینکنگ کی جائے گی  اور اچھی کارکردگی دیکھانے والے افسران کو ایوارڈز دیے جائیں گے جبکہ اچھی کارکردگی نا دیکھانے والے افسران کیخلاف تادیبی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ  “خدمت آپکی دہلیز پر” پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔