لاہور ،23 مئی(اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی اور متحدہ علما بورڈ پنجاب کے چیئرمین علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ مظلوم فلسطینی آج پاکستانیوں کی لازوال حمایت پر شکر گذار ہیں، وزیر اعظم  عمران خان کی قیادت میں ہم فلسطینیوں اورکشمیریوں کے شانہ نشانہ ہیں، فلسطین میں جنگ بندی کے معاملے پر مسلم امہ پاکستان کو خراج تحسین پیش کر رہی ہے۔

وہ اتوار کو یہاں ایوان وزیر اعلی میں پریس کانفرنس  کر رہے تھے۔معاون خصوصی طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وزیر خارجہ نے جس طرح پوری دنیا بالخصوص مسلم اُمّہ سے فوری رابطے کئے اور فلسطینیوں کو غیر انسانی مظالم سے چھٹکارا دلانے کے لئے توانا تر آواز اٹھائی وہ بلاشبہ قابل تحسین ہے۔انہوں نے  کہا کہ فلسطینیوں نے مسلسل اپنا خون دے کر تحریک آزادی کو زندہ رکھا ہوا ہے ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کی ہر ممکن مدد کریں گے، وزیر اعظم فلسطین اور کشمیر کے مسئلے کو بخوبی دیکھ رہے ہیں اور اسرائیل کی بربریت اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف پاکستان آگے بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بہترین سفارتی کاوشوں سےاب دنیا بھر  میں رائے عامہ استوار ہو رہی ہے علاوہ ازیں فلسطین امن مشن پر وزیر خارجہ نے جس طرح اقوام متحدہ میں مقدمہ پیش کیا وہ قوم کی بڑی کامیابی ہے۔