لاہور، یکم جون (اے پی پی ): امان اللہ خان 1950 کو لاہورمیں پیدا ہوئے۔ بچپن انتہائی غربت میں گزرا، بسوں میں ٹافیاں بیچیں، معروف لوک گلوکار عالم لوہار کے ساتھ میلوں میں بھی پرفارم کیا۔ پھر قسمت کی دیوی مہربان ہوئی اور ان کو 1976 میں ایک سٹیج ڈرامے میں ایک چھوٹا سا رول مل گیا جسے بہت پذیرائی ملی۔80 کی دہائی کا آغاز ان کے لیے کامیابیاں لایا اور پھر انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ انہوں نے مسلسل 42 سال تک لوگوں کو ہنسایا۔

امان اللہ خان کا شمار پاکستان کے ٹاپ کامیڈینز میں ہوتا تھا۔ ان کو اعزاز حاصل رہا کہ انہوں نے لگا تار 860 دن لائیو تھیٹر پر پرفارمنس دی۔ جب کہ حکومت پاکستان نے انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس کے اعزاز سے بھی نواز۔انہوں نے سنہ 2010 میں ٹیلی ویژن سکرین کا رخ کیا اور جیو نیوز کے پروگرام خبرناک میں بطور کامیڈین شرکت کی اس کے علاوہ  وہ دنیا نیوز اور نیو ٹی وی سے بھی منسلک رہے۔ان کی آخری نوکری آپ نیوز کے ساتھ تھی جو بیماری کے باعث انہیں چھوڑنا پڑی۔ وہ ون مین شو پر ملکہ رکھتے تھے، انہوں نے انڈیا سمیت دنیا بھر کے ممالک میں پرفارم کیا تھا۔