اسلام آباد،10جون  (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہاہے کہ  ورلڈ   بنک کے  مطابق  احساس پروگرام   دنیا  کے  بہترین  پروگراموں   میں سے  ایک  ہے ، کامیاب  جوان  پروگرام  سے    9 ہزار  افراد   مستفید  ہو ئے ۔

جمعرات کویہاں قومی اقتصادی سروے 2020-21 کے اجرا کے موقع پر وفاقی وزیرمخدوم خسروبختیار،مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹرثانیہ نشتر، اورمعاون خصوصی ریونیو ڈاکٹروقار مسعودکے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرخزانہ نے کہاکہاحساس سماجی تحفظ کابڑا پروگرام ہے، عالمی بینک نے احساس پروگرام کودنیاکا سماجی تحفظ کابہترین اوربڑاپروگرام قراردیاہے، اس پروگرام کے تحت 15 ملین خاندانوں کو نقدمعاونت فراہم کی گئی، انہوں  نے  کہا کہ وزیراعظم نے کامیاب جوان پروگرام کاآغازکیاجس سے 8 سے لیکر9 ہزارجوان مستفیدہورہے ہیں، 10 بلین ٹری سونامی پروگرام پربھی کامیابی سے عمل درآمد جاری ہے۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ موڈیز، فچ اورسٹینڈرڈاینڈپورز جیسے بین الاقوامی اداروں نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہترکی ہے۔پاکستان کے استحکام کا پروگرام بہترہواہے، اب ہمیں بڑھوتری کی طرف جانا ہے، وزیراعظم صاحب کوبھی ہم نے بتایاہے کہ 6سے لیکر7فیصد کی بڑھوتری کے بغیرہم اپنے جوانوں کوروزگارفراہم نہین کرسکتے جوآبادی کا60 فیصدہے، ہمیں سالانہ روزگارکے 20لاکھ مواقع فراہم کرنا ہے، اس مقصد کیلئے حکومت وقتاً فوقتاً  اقدامات کرے گی۔