اسلام آباد،4جون  (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے قدرتی ماحول کے تحفظ اور بحالی کے لئے انقلابی اقدامات کیے ہیں جن کا پوری دنیا میں اعتراف کیا جا رہا ہے، عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی پاکستان کے لئے اعزاز ہے، عوام ماحول اور قدرتی وسائل کی ترقی کے لئے حکومتی کوششوں میں بھرپور ساتھ دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں عالمی یوم ماحولیات کے حوالے سے تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔  زرتاج گل نے کہا کہ پاکستان 5 جون کو عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی کر رہا ہے، اقوام متحدہ کے بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی پاکستان کے لئے اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدرتی ماحول کے تحفظ اور بحالی کے لئے پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے صاف و سرسبز پاکستان کے ویژن کے تحت ملک میں ماحولیات کے شعبہ کی ترقی کے لئے انقلابی اقدامات کیے ہیں۔ ان میں ملک کے سر سبز رقبے میں اضافے کے لیے ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام، قدرتی ماحول کی بحالی کے ایکو ری سٹوریشن پراجیکٹ، جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے نیشنل پارکس کے فروغ، کلائمیٹ سمارٹ زراعت کی ترقی، آلودگی کی روک تھام کے لئے پولی تھین بیگز پر پابندی اور بجلی پر چلنے والی گاڑیوں کو متعارف کرانے جیسے بڑے پالیسی اقدامات شامل ہیں۔

 زرتاج گل نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہماری حکومت نے تین سال میں وہ کام کئے ہیں جو گزشتہ 70 سالوں کی تاریخ میں نہیں ہو سکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا  وائرس کی وجہ سے عالمی یوم ماحولیات کی مناسبت سے ورچوئل تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے، اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے دنیا بھر سے ممالک ان تقریبات میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اس موقع پر پاکستانی قوم کے علاوہ بین الاقوامی برادری سے بھی مخاطب ہوں گے اور قدرتی ماحول کے تحفظ و بحالی کے حوالے سے اپنے ویژن اور اس حوالے سے پاکستان کی کامیابیوں کو اجاگر کریں گے۔

 وزیر مملکت نے کہا کہ وہ اس موقع پر قوم کے ہر فرد کو پیغام دیتی ہیں کہ قدرتی ماحول اور وسائل کے تحفظ و فروغ، صفائی ستھرائی اور شجر کاری کی کوششوں میں بھرپور حصہ لیں تاکہ پاکستان کو آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ ملک بنایا جا سکے۔