اسلام آباد،یکم جون  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے  کہ   اب وقت  آگیا ہے  کہ   دنیا کو  بتایا جائے   کہ  تو ہین   رسالت  کیا  ہے   اور  اسلاموفوبیا  کیا  ہے ،دنیا  میں مسلمانوں  کیخلاف   جو  تعصب  ہے  اس کیلئے  آواز  اٹھانے  کی  ضرورت ہے ۔

وہ منگل کو یہاں اقتصادی تعاون تنظیم کی پارلیمانی اسمبلی کی دوسری جنرل کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔صدرمملکت نے ایکو ممالک سے کانفرنس میں شرکت کرنے والے مندوبین کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ یہ کانفرنس رکن ممالک کے مابین دوستی اور ملکر کام کرنے کے عزم کا ظاہر کرتا ہے ۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مسلمان دنیا کو دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ اپنے خلاف تعصب کے معاملہ کو بھی اٹھانا چاہیے ، اس مقصد کے لیے دنیا کے ساتھ مکالمے  اور بات چیت کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ بین الاقوامی امور میں مفادات کو ترجیح دی جاتی ہے جس کی وجہ سے وہاں اخلاقی اقدار کا فقدان نظر آتاہے۔ اس صورتحال میں مسلمان اپنی دینی تعلیمات کی روشنی میں انسانیت اور اخلاق پرمبنی لیڈر شپ فراہم کرسکتے ہیں ۔