اسلام آباد،26مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ مستقبل میں وہی ممالک ترقی کریں گے جن کے نوجوان ملازمت سے زیادہ کاروبار پر توجہ دیں گے، ہمیں اپنے اداروں کو ترقی کرتی ہوئی دنیا سے ہم آہنگ کرنا ہوگا، کامیاب جوان پروگرام پاکستان کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں بحریہ یونیورسٹی میں کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی نے دنیا کو تبدیل کر دیا ہے، پاکستان میں بھی ٹیکنالوجی سے تبدیلی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی کی عمر 30 سال سے کم ہے،فیس بک، گوگل، پے پال، ٹویٹر لانچ کرنے والے لوگ بھی نوجوان تھے، انہوں نے پوری دنیا کو بدل کر رکھ دیا۔ ہم نے پاکستان اور اپنی زندگیوں کو تبدیل کرنا ہے تو ہنر لازمی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تبدیل شدہ دنیا میں ہنر کی اہمیت پہلے سے زیادہ ہے، آج سے کچھ عرصہ قبل یہ رواج تھا کہ ڈگری حاصل کر کے ملازمت اختیار کی جاتی تھی لیکن اب ملازمت کی جگہ کاروبار کا تصور بڑھ رہا ہے، وہ ممالک ہمیشہ کامیاب ہوں گے جو کاروباری افراد پیدا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہنر کے استعمال سے اپنے آپ کو اور دنیا کو بدل سکتے ہیں۔